فلسطینی شہریوں کے بیرون ملک سفر پر ناروا صہیونی پابندیاں بدستور جاری
اریحا،17جولائی؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)اسرائیلی حکام کی جانب سے نام نہاد سیکیورٹی وجوہات کی آڑ میں فلسطینی شہریوں کے بیرون ملک سفر عاید ناروا پابندیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے کے دوران صہیونی حکام نے 106فلسطینیوں کو بیرون ملک سفر سے روک دیا، جس کے نتیجے میں فلسطینیوں کو سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ فلسطینی پولیس کا کہنا ہے کہ کاغذات اور سفری دستاویزات مکمل ہونے کے باوجود اسرائیلی حکام نے الکرامہ گذرگاہ سے اردن داخل ہونے والے 106فلسطینیوں کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا۔ ان میں سے بعض شہریوں کو یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ انہیں سفر سے کیوں روکا گیا ہے۔فلسطینی پولیس کا کہنا ہے کہ عموما فلسطینی شہریوں کو سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر بیرون ملک سفر سے روکا جاتا ہے۔ گذشتہ سے پیوستہ ہفتے 78فلسطینیوں کے بیرون ملک سفر پر پابندی عاید کی گئی تھی۔گذشتہ ایک ہفتے کے دوران الکرامہ گذرگاہ سے 63ہزار فلسطینیوں کو دو طرفہ آمد ورفت کے لیے گذرنے کی اجازت دی گئی۔ اس دوران فلسطینی پولیس نے 25 مشتبہ ملزمان کو حراست میں لیا۔